Wednesday 1 July 2015

داستان ایمان فروشوں کی جلد اول قسط نمبر 2 ایڈمن شہزادی ساتویں لڑکی

داستان ایمان فروشوں کی قسط نمبر 2
لاسٹ بلیٹ
ساتویں لڑکی
          صلیبیوں کے بحری بیڑے اور افواج کو بحیرئہ روم میں غرق کرکے صلا ح الدین ایوبی ابھی مصر کے ساحلی علاقے میں ہی موجود تھا ۔ سا ت دن گزر گئے تھے ۔ صلیبیوں سے تاوان وصول کیا جا چکا تھا ، مگر بحیرئہ روم میں ابھی تک بچے کھچے بحری جہازوں کو ، کشتیوں کو نگل اور انسانوں کو اُگل رہا تھا۔ صلیبی ملاح اور سپاہ جلتے جہازوں سے سمندر میں کود گئے تھے ۔ دور سمندر کے وسط میں سات روز بعد بھی چند ایک جہازوں کے بادبان پھڑپھڑاتے نظر آتے تھے ۔ ان میں کو ئی انسان نہیں تھا ۔ پھٹے ہوئے بادبانوں نے جہازوں کو سمندر کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا تھا ۔ صلا ح الدین ایوبی نے اِن کی تلاشی کیلئے کشتیاں روانہ کر دی تھیں اور ہدایت دی تھی کہ اگر کوئی جہار یا کشتی کام کی ہو تو وہ رسوں سے گھسیٹ لائیں اور جو اس قابل نہ ہوں، اِن میں سے سامان اور کام کی دیگر چیزیں نکال لائیں ۔ کشتیاں چلی گئی تھیں اور جہازوں سے سامان لا یا جا رہا تھا۔ ان میں زیادہ تر اسلحہ اور کھانے پینے کا سامان تھا یا لاشیں ۔
          سمندر میں لاشوں کا یہ عالم تھا کہ لہریں نہیں اُٹھا اُٹھا کر ساحل ٹر پٹخ رہی تھیں ۔ ان میں کچھ تو جلی ہوئی تھیں اور کچھ مچھلیوں کی کھائی ہوئی۔ بہت سی ایسی تھیں جن میں تیر پیوست تھے۔ صلا ح الدین ایوبی نے صلیبیوں کے تیروں، نیزوں ، تلواروںاور دیگر اسلحہ کا معائنہ بڑی غور سے کیا تھا اور انہیں اپنے اسلحہ کے ساتھ رکھ کر مضبوطی اور مار کامقابلہ کیا تھا  زندہ لوگ بھی تختوں اور ٹوٹی ہوئی کشتیوں پر تیرتے ابھی سمندر سے باہر آرہے تھے ۔ ان بھوکے ، پیاسے ، تھکے اور ہارے ہوئے لوگوں کو لہریں جہاں کہیں ساحل پر لا پھینکتی تھیں ، وہ ہیں نڈھال ہو کر گر پڑتے اور مسلمان انہیں پکڑ لاتے تھے ۔ ساحل کی میلوں لمبائی میں یہی عالم تھا ۔ صلا ح الدین ایوبی نے اپنی سپاہ کو مصر کے سارے ساحل پر پھیلا دیا تھا اور انتظام کیا تھا کہ جہاں بھی کوئی قیدی سمندر سے نکلے ، اسے وہیں خشک کپڑے اورخوراک دی جائے اور جو زخمی ہوں ان کی مرہم پٹی بھی وہیں کی جائے ۔ اس اہتمام کے بعد قیدیوں کو ایک جگہ جمعہ کیا جا رہا تھا ۔
          صلا ح الدین ایوبی گھوڑے پر سوار ساحلی علاقے میں گھوم پھر رہا تھا ۔ وہ اپنے خیمے سے کوئی دو میل دور نکل گیا تھا ۔ آگے چٹانی علاقہ آ گیا ۔ چٹانوں کی ایک سمت اور عقت میں صحرا تھا ۔ یہ سر سبز صحرا تھا جہاں کھجور کے علاوہ دوسری اقسام کے صحرائی درخت اور جھاڑیاں تھیں ۔ صلا ح الدین ایوبی گھوڑے سے اُترا اور پیدل چٹانوں کے دامن میں چل پڑا ۔ محافظ دستے کے چار سوا ر اس کے ساتھ تھے ۔ اس نے اپنا گھوڑا محافظوں کے حوالے کیا اور انہیں وہیں ٹھہرنے کو کہا۔اس کے ساتھ تین سالار تھے ۔ ان میں اس کا رفیقِ خاص بہائو الدین شداد بھی تھا ۔وہ اس معرکے سے ایک ہی روز پہلے عرب سے اس کے پاس آیا تھا ۔انہوں نے بھی گھوڑے محافظوں کے حوالے کیے اور سلطان کے ساتھ ساتھ چلنے لگے ۔ موسم سرد تھا ۔ سمندر میں تلاطم نہیں تھا ۔ لہریں آتی تھیں اور چٹانوں سے دور ہی سے واپس چلی جاتی تھیں ۔ ایوبی ٹہلتے ٹہلتے دُور نکل گیا اور محافظ دستے کی نظروں سے اوجھل ہو گیا ۔ اس کے آگے ، پیچھے اور بائیں طرف اونچی نیچی چٹانیں اور دائیں طرف ساحل کی ریت تھی۔ وہ ایک چٹان پر کھڑا ہوگیا ، جس کی بلندی دو اڑھائی گز تھی ۔ اس نے بحیرئہ روم کی طرف دیکھا ۔ یو ں معلوم ہوتا تھا جیسے سمندر کی نیلاہٹ سلطان ایوبی کی آنکھوں میں اُتر آئی ہو ۔ اس کے چہرے پر فتح و نصرت کے مسرت تھی اور اس کی گردن کچھ زیادہ ہی تن گئی تھی ۔
          اس نے ناک سکیڑ کر کپڑا ناک پر رکھ لیا ۔ بولا '' کس قدر تغفن ہے '' ............اس کی اور سالاروں کی نظریں  ساحل پر گھومنے لگیں ۔ پھڑپھڑانے کی آواز سنائی دیں۔پھر ہلکی ہلکی چیخیں اور سیٹیاں سنائی دیں ۔ اوپر سے تین چار گدھ پر پھیلائے اُترتے دکھا ئی دئیے اور چٹان کی اوٹ میں جدھر ساحل تھا ، اُترتے گئے ۔ ایوبی نے کہا .................... '' لاشیں ہیں'' ................ اُدھر گیا تو پندرہ بیس گز دور گدھ تین لاشوں کو کھا رہے تھے ، ایک گدھ ایک انسانی کھوپڑی پنجوں میں دبوچ کر اُڑا اور جب فضا میں چکر کاٹا تو کھوپڑی اس کے پنجوں سے چھوٹ گئی اور  صلا ح الدین ایوبی کے سامنے آن گری۔ کھوپڑی کی آنکھیں کھلی ہوئی تھیں جیسے صلا ح الدین ایوبی کو دیکھ رہی ہوں ۔ چہرے اور بالوں سے صاف پتہ چلتا تھا کہ کسی صلیبی کی کھوپڑی ہے۔ ایوبی کچھ دیر کھوپڑی کو دیکھتا رہا۔ پھر اس نے اپنے سالاروں کی طرف دیکھا اور کہا ...............  ''ان لوگوں کو کھوپڑیا مسلمانوں کی کھوپڑیوںسے بہتر ہیں ۔ یہ ان کھوپڑیوں کا کما ل ہے کہ ہماری خلافت عورت اور شراب کی ندر ہوتی جا رہی ہے ''۔
          ''صلیبی چوہوں کی طرح سلطنتِ اسلامیہ کو ہڑپ کرتے چلے جارہے ہیں '' ۔ ایک سالا ر نے کہا ۔
          '' اور ہمارے بادشاہ انہیں جزیہ دے رہے ہیں '' ...........شداد نے کہا .......... '' فلسطین پر صلیبی قابض ہیں ۔ سلطان! کیا ہم اُمید رکھ سکتے ہیں کہ ہم فلسطین سے انہیں نکا ل سکیں گے ''۔
          '' خدا کی ذات سے مایوس نہ ہو شداد '' ............  صلا ح الدین ایوبی نے کہا ۔
          '' ہم اپنے بھائیوں کی ذات سے مایوس ہو چکے ہیں '' ............ ایک اور سالار بولا ۔
          '' تم ٹھیک کہتے ہو '' ......... سلطان ایوبی نے کہا .........  '' حملہ جو باہر سے ہوتا ہے ، اسے ہم روک سکتے ہیں ۔ کیا تم میں سے کوئی سرچ بھی سکتاتھا کہ کفار کے اتنے بڑے بحری بیڑے کو تم اتنی تھوڑی طاقت سے نذرِ آتش کرکے ڈبو سکو گے ؟تم نے شاید اندازہ نہیں کیا کہ اس بیڑے میں جو لشکر آرہا تھا ، وہ سارے مصر پر مکھیوں کی طرح چھا جاتا ۔ اللہ نے ہمیں ہمت دی اور ہم نے کھلے میدان میڈ نہیں بلکہ صرف گھات لگا کر اس لشکر کو سمندر کی تہہ میں گم کر دیا ، مگر میرے دوستو ! حملہ جو اندر سے ہوتا ہے اسے تم اتنی آسانی سے نہیں روک سکتے ۔ جب تمہارا اپنا بھائی تم پر وار کرے گا تو تم پہلے یہ سوچو گے کہ کیا تم پر واقعی بھائی نے وار کیاہے ؟تمہارے بازو میں اسکے خلاف تلوار اُٹھانے کی طاقت نہیں ہوگی ۔ اگر تلوار اُٹھائو گے اور اپنے بھائی سے تیغ آزمائی کرو گے تو دشمن موقع غنیمت جان کر دونوں کو ختم کر دے گا ''۔
          وہ آہستہ آہستہ ساحل پر چٹان کے ساتھ ساتھ جا رہا تھا ۔ چلتے چلتے رُک گیا۔ جھک کر ریت سے کچھ اُٹھایا اور ہتھیلی پر رکھ کر سب کو دکھایا ۔ یہ ہتھیلی جتنی بڑی صلیب تھی جو سیاہ لکڑی کی بنی ہوئی تھی ۔ اُس کے ساتھ ایک مضبوط دھاگہ تھا ۔ اُس نے ان لاشوں کے بکھرے ہوئے اعضاء کو دیکھا ، جنہیں گدھ کھا رہے تھے ۔ پھر کھوپڑی کو دیکھا جو گدھ کے پنجوں سے اُس کے سامنے گری تھی ۔ وہ تیز تیز قدم اُٹھاتا کھوپڑ ی تک گیا ۔ تین گدھ کھوپڑی کی ملکیت پر لڑ رہے تھے ۔  صلا ح الدین ایوبی کو دیکھ کر پرے چلے گئے ۔ سلطان ایوبی نے صلیب کھوپڑی پر رکھ دی اور دوڑ کر اپنے سالاروں سے جا ملا ۔ کہنے لگا ........'' میں نے صلیبیوں کے ایک قیدی افسر سے باتیں کی تھیں۔ اس کے گلے میں بھی صلیب تھی ۔ اس نے بتایا کہ صلیبی لشکر میں جو بھی بھرتی ہوتا ہے اس سے صلیب پر ہاتھ رکھ کر حلف لیا جاتا ہے کہ وہ صلیب کے نام پر جان کی بازی لگا کر لڑے گا اور وہ روئے زمین سے آخری مسلمان کو بھی ختم کر کے دم لے گا ۔ اس حلف کے بعد ہر لشکری کے گلے میں صلیب لٹکا دی جاتی ہے ۔ یہ صلیب مجھے ریت سے ملی ہے۔ معلوم نہیں کس کی تھی ۔ میں نے اس کھوپڑی پر رکھ دی ہے تا کہ اس کی روح صلیب کے بغیر نہ رہے ۔ اس نے صلیب کی خاطر جان دی ہے۔ سپاہی کو سپاہی کے حلف کا احترام کرنا چاہیے ''۔
          ''سلطان !'' …… شداد نے کہا …… '' یہ تو آ پ کو معلوم ہے کہ صلیبی یروشلم کے مسلمان باشندوں کا کتنا کچھ احترام کررہے ہیں ۔ وہاں سے مسلمان بیوی بچوں کو ساتھ لے کر بھاگ رہے ہیں۔ہماری بیٹیوں کی آبرو لوٹی جا رہی ہے ۔ ہمارے قیدیوں کو انہوں نے ابھی تک نہیں چھوڑا ۔ مسلمان جانوروں کی سی زندگی بسر کر رہے ہیں ۔ کیا ہم ان عیسائیوں سے انتقام نہیں لیں گے ؟''
          ''انتقام نہیں ''............ صلاح الدین ایوبی نے کہا ......... '' ہم فلسطین لیں گے مگر فلسطین کے راستے میں ہمارے اپنے حکمران حائل ہیں ''.....  وہ چلتے چلتے رُک گیا اور بولا .......  '' کفار نے صلیب پر ہاتھ رکھ کر سلطنتِ اسلامیہ کے خاتمے کا حلف اُٹھایا ہے ۔ میں نے اپنے اللہ کے حضور کھڑے ہو کر اور ہاتھ اپنے سینے پر رکھ کر قسم کھائی ہے کہ فلسطین ضرور لوں گا اور سلطنتِ اسلامیہ کی سرحدیں اُفق تک لے جائوں گا مگر میرے رفیقو! مجھے اپنی تاریخ کا مستقبل کچھ روشن نظر نہیں آتا ۔ ایک وقت تھا کہ عیسائی بادشاہ تھے اورہم جنگجو۔ اب ہمارے بزرگ بادشاہ بنتے جارہے ہیں اور عیسائی جنگجو۔ دونوں قوموں کا رحجان دیکھ کر میں کہہ رہا ہوں کہ ایک وقت آئے گا جب مسلمان بادشاہ بن جائیں گے ، مگر عیسائی ان پرحکومت کریں گے ۔ مسلمان سی میںبد مست رہیں گے کہ ہم بادشاہ ہیں ، آزاد ہیں مگر وہ آزاد نہیں ہوں گے ۔ میں فلسطین لے لوں گا مگر مسلمانوں کا رحجان بتا رہا ہے کہ وہ فلسطین گنوا بیٹھیں گے ۔ عیسائیوں کی کھوپڑی بڑی تیز ہے ..... پچاس ہزار سوڈانی لشکر کون پال رہا تھا ! ہماری خلافت اپنی آستین میں ناجی نام کا سانپ پالتی رہی ہے ۔ میں پہلا امیر مصر ہوں جس نے دیکھا ہے کہ یہ لشکر ہمارے لیے نہ صرف بیکار ہے ، بلکہ خطرناک بھی ہے ۔ اگر ناجی جاخط پکڑا نہ جاتا تو آج ہم سب اس لشکر کے ہاتھوں مارے جا چکے ہوتے یااس کے قیدی ہوتے ........''
          اچانک ہلکا سا زناٹہ سنائی دیا اور ایک تیر صلاح الدین ایوبی کے دونوں پائوں کے درمیان ریت میں لگا ۔جدھر سے تیر آیاتھا ، اِس طرف سلطان ایوبی کی پیٹھ تھی ..........سالاروں میں سے بھی کوئی اُدھر نہیں دیکھ رہا تھا ۔ سب نے بِدک کر اس طرف دیکھا ، جدھر سے تیر آیاتھا ۔ اُدھر نوکیلی چٹانیں تھیں ۔تینوں سالار اور  صلاح الدین ایوبی دوڑ کر ایک ایسی چٹان کی اوٹ میں ہوگئے جو دیوار کی طرح عمودی تھی ۔ انہیں توقع تھی کہ اور بھی تیر آئیں گے ۔ تیروںکے سامنے میدان میں کھڑے رہنا کوئی بہادری نہیں تھی ۔ شداد نے منہ میں انگلیاں رکھ کر زور سے سیٹی بجائی ۔ محافظ دستہ پابر کاب تھا ۔ان کے گھوڑوں کے سرپٹ ٹاپو سنائی دئیے ۔ اس کے ساتھ ہی تینوں سالار اس طرف دوڑ پڑے جس طرف سے تیر آیاتھا۔ وہ بکھر کر چٹانوں پر چڑھ گئے ۔ چٹانیں زیادہ اونچی نہیں تھیں ۔ صلاح الدین ایوبی بھی ان کے پیچھے گیا۔ ایک سالار نے اسے دیکھ لیا اور کہا ....... '' سلطان ! آپ سامنے نہ آئیں '' مگر سلطان ایوبی رُکا نہیں ۔محافظ پہنچ گئے ۔ صلاح الدین ایوبی نے انہیں کہا ...........  ''ہمارے گھوڑے یہیں چھوڑدو اور چٹانوں کے پیچھے جائو ۔اُدھر سے ایک تیر آیا ہے، جو کوئی نظر آئے اسے پکڑلائو ''۔
          سلطان ایوبی چٹان کے اوپر گیاتو اُسے انچی نیچی چٹانیں دُور دُور تک پھیلی ہوئی نظر آئیں ۔ وہ اپنے سالاروں کو ساتھ لیے پچھلی طرف اُتر گیا اور ہر طرف گھوم پھر کر اور چٹانوں پر چڑھ کر دیکھا ۔ کسی انسان کا نشان تک نظر نہ آیا ۔ محافظ چٹانی علاقے کے اندر ، اوپر اور اِدھر اُدھر گھوڑے دوڑارہے تھے ۔ صلاح الدین ایوبی نیچے اُتر کے وہاں گیا جہاں ریت میں تیر گڑھا ہو تھا ۔ اس نے اپنے رفیقوں کو بلایا اور تیر پر ہاتھ مارا، تیر گر پڑا ۔ سلطان ایوبی نے کہا .......... '' دُور سے آیا ہے اس لیے پائوں میں لگا ہے ، ورنہ گردن یا پیٹھ میں لگتا ۔ ریت میں بھی زیادہ نہیں اُترا '' .......... اس نے تیر اُٹھا کر دیکھا اور کہا ........ '' صلیبیوں کا ہے ، حشیشین کا نہیں ''۔
          ''سلطان کی جان خطرے میں ہے '' ......... ایک سالا ر نے کہا ۔
          '' اور ہمیشہ خطرے میں رہے گی ''............ صلاح الدین ایوبی نے ہنس کر کہا ...... ..''میں بحیرئہ روم میں کفار کی وہ کشتیاں دیکھنے نکلا تھا جو ملاحوں کے بغیر ڈول رہی ہیں ، مگر میرے عزیز دوستو! کبھی نہ سمجھنا کہ صلیبیوں کی کشتی ڈول رہی ہے ، وہ پھر آئیں گے ۔ گھٹائوں کی طرح گرجتے آئیں گے اور برسیں گے بھی ، لیکن وہ زمین کے نیجے سے اور پیٹھ کے پیچھے سے بھی وار کریں گے ۔ ہمیں اب صلیبیوں سے ایسی جنگ لڑنی ہے جو صرف فوجیں نہیں لڑیں گی ۔ میں جنگی تربیت میں ایک اضافہ کر رہا ہوں ۔ یہ فنِ حرب و ضرب کا نیا باب ہے ۔ اسے جاسوسوں کی جنگ کہتے ہیں ''۔
          سلطان صلاح الدین ایوبی تیر ہاتھ میں لیے گھوڑے پر سوار ہوگیا اور اپنے کیمپ کی طرف چل پڑا ۔ اس کے سالار بھی گھوڑوں پر سوار ہوگئے ۔ ان میں سے ایک نے سلطان کے دائیں طرف اپنا گھوڑا کر دیا ، ایک نے بائیں کو اور ایک نے اپنا گھوڑا اس کے با لکل پیچھے اور قریب رکھا ، تا کہ کسی بھی طرف سے تیر آئے تو صلاح الدین ایوبی تک نہ پہنچ سکے ۔ 
                                                                      ٭          ٭          ٭
          صلاح الدین ایوبی نے اس تیر پر ذرا سی بھی پریشانی کا اظہار نہ کیا جو کسی نے اسے قتل کرنے کیلئے چلایا تھا ۔اپنے رفیق سالاروں کو اپنے خیمے میں بٹھائے ہوئے وہ بتا رہا تھا کہ جاسوس اورشب خون مارنے والے دستے کس قدر نقصان کرتے ہیں ۔ وہ کہہ رہا تھا ..........  ''میں علی بن سفیان کو ایک ہدایت دے چکا ہوں ، لیکن اس پر عمل درآمد نہیں ہوسکا ، کیونکہ فوراً ہی مجھے اس حملے کی خبر ملی اور عمل درآمد دھرا رہ گیا ۔ تم سب فوری طور پر یوں کرو کہ اپنے سپاہیوں اور ان کے عہدے داروں میں سے ایسے افراد منتخب کرو جو دماغی اور جسمانی ًلحاظ سے مضبوط اور صحت مند ہوں ۔ باریک بین ، دور اندیش، قوت فیصلہ رکھنے والے جانباز قسم کے آدمی چنو۔ میں نے علی کو ایسے آدمیوں کی جو صفات بتائیں تھیں وہ سب سن لو ۔ اُن میں اونٹ کی مانند زیادہ سے زیادہ دِن بھوک اور پیاس برداشت کرنے کی قوت ہو ۔ چیتے کی طرح جھپٹنا جانتے ہوں ، عقاب کی طرح ان کی نظریں تیز ہوں ، خرگوش اور ہرن کی طرح دوڑ سکتے ہوں۔ مسلح دشمن سے ہتھیار کے بغیر بھی لڑ سکیں ۔ ان میں شراب اور کسی دوسری نشہ آور چیز کی عادت نہ ہو۔ کسی لالچ میں نہ آئیں ۔ عورت کتنی ہی حسین مل جائے اور زر و جواہرات کے انباران کے قدموں میں لگا دئیے جائیں ، وہ نظر اپنے فرض پر رکھیں .........
          ''اپنے دوستوں اور ان کے کمان داروں کو خاص طور پر ذہن نشین کرایں کہ عیسائی بڑی ہی خوب صورت اور جوان لڑکیوں کو جاسوسی کے لیے اور فوجوں میں بے اطمینانی پھیلانے کے لیے اور عسکریوں کو جذبے کے لحاظ سے بیکار کرنے کے لیے استعمال کر رہے ہیں ۔ میں نے مسلمانوں میں یہ کمزوری دیکھی ہے کہ عورت کے آگے ہتھیار ڈال دیتے ہیں ۔ میں مسلمان عورت کو اس مقاصد کے لیے دشمن کے علاقے میں کبھی نہیں بھیجوں گا ۔ہم عصمتوں کے محافظ ہیں ، عصمت کو ہتھیار نہیں بنائیں گے ۔ علی بن سفیان نے چند ایک لڑکیاں رکھی ہوئی ہیں ، لیکن وہ مسلمان نہیں اور وہ عیسائی بھی نہیں ،مگر میں عورت کاقائل نہیں ''۔
          محافظ دستے کاکمانڈر خیمے میں آیا اور اطلاع دی کہ محافظ کچھ لڑکیوں اور آدمیوں کے ساتھ لائے ہیں ۔ سلطان ایوبی باہر نکلا ۔ اس کے تینوں سالار بھی تھے ۔ باہر پانچ آدمی کھڑے تھے ، جن کے لمبے چغے ، دستاریں اور ڈیل ڈول بتا رہی تھی کہ تاجر ہیں اور سفر میں ہیں ۔ان کے ساتھ سات لڑکیاں تھیں ۔ ساتوں جوان تھیں اور ایک سے ایک بڑھ کر خوب صورت ۔ ان محافظوں میں سے ایک نے جو سلطان پر تیر چلانے والے کی تلاش میں گئے تھے بتایا تھا کہ انہوں نے تمام علاقہ چھان مارا ، انہیں کوئی آدمی نظر نہیں آیا ۔ دور پیچھے گئے تو یہ لوگ تین اونٹوں کے ساتھ ڈیرہ ڈالے ہوئے تھے ۔
          '' کیا ان کی تلاشی لی ہے؟'' ............. ایک سالا ر نے پوچھا ۔
          '' لی ہے '' ........... محافظ نے جواب دیا ............. '' یہ کہتے ہیں کہ تاجر ہیں ۔ ان کا سارا سامان کھلواکر دیکھا ہے ۔ جامہ تلاشی بھی لی ہے ۔ ان کے پاس ان خنجروں کے سوا اور کوئی ہتھیار نہیں '' ......... اس نے پانچ خنجر سلطان ایوبی کے قدموں میں رکھ دئیے ۔
          '' ہم مراکش کے تاجر ہیں '' ............... ایک تاجرنے کہا ........... '' سکندریہ تک جائیں گے ۔ دو روز گزرے ہمارا قیام یہاں سے دس کوس پیچھے تھا ۔ پرسوں شام یہ لڑکیاں ہمارے پاس آئیں ۔ ان کے کپڑے بھیگے ہوئے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ سِسلی کی رہنے والی ہیں ۔ انہیں عیسائی فوج کاایک کماندار گھروں سے پکڑ کر ساتھ لے آیا اور ایک بحری جہاز میں جا سوا ر کیا ۔ ان کے ماں باپ غریب ہیں ۔یہ کہتی ہیں کہ بے شمار جہاز اور کشتیاں چل پڑیں ۔ لڑکیوں والے جہاز میں چند اور کماندار قسم کے آدمی تھے اور اُن کی فوج بھی تھی ۔ وہ سب ان لڑکیوں کے ساتھ شراب پی کر عیش و عشرت کرتے رہے ۔ اس ساحل کے قریب آئے تو جہازوں پر آگ کے گولے گرنے لگے۔ تمام لوگ جہازوں سے سمندر میں کودنے لگے ۔ ان لڑکیوں کو انہوں نے ایک کشتی میں بٹھا کر جہاز سے سمندر میں اُتار دیا ۔ یہ بتاتی ہیں کہ انہیں کشتی چلانی نہیں آتی تھی ۔ کشتی سمندر میں ڈولتی اور بھٹکتی رہی ۔ پھر ایک روز خود ہی ساحل سے آلگی ۔ ہمارا قیام ساحل کے ساتھ تھا ۔ یہ ہمارے پاس آگئیں ۔ بہت ہی بُری حالت میں تھیں ۔ ہم نے انہیں پناہ میں لے لیا ۔ انہیں ہم دھتکار تو نہیں سکتے تھے ۔ ہمیں کچھ سمجھ نہیں آرہی تھی کہ ان کا کیا کریں ۔ پچھلے پڑائو سے یہاں تک انہیں ساتھ لائے ہیں ۔ یہ سوار آگئے اور ہمارے سمامان کی تلاشی لینے لگے ۔ ہم نے ان سے تلاشی کی وجہ پوچھی تو انہوں نے بتایا کہ سلطان صلاح الدین ایوبی امیرِ مصر کا حکم ہے ۔ ہم نے ان کی منت سماجت کی کہ ہمیں اپنے سلطان کے حضور لے چلو ۔ ہم عرض کریں گے کہ ان لڑکیوں کو اپنی پناہ میں لے لیں ۔ ہم سفر میں ہیں ۔ انہیں کہا ں کہاں لیے پھیریں گے ''۔
          لڑکیوں سے پوچھا تو وہ سِسلی کی زبان بول رہی تھیں ۔ وہ ڈری ڈری سی لگتی تھیں ۔ ان میں سے دو تین اکٹھی ہی بولنے لگیں ۔ صلاح الدین ایوبی نے تاجروں سے پوچھا کہ ان کی زبان کون سمجھتاہے ؟ ایک نے بتایا کہ صرف میں سمجھتا ہوں ۔ یہ التجا کر رہی ہے کہ سلطان انہیں پناہ میں لے لے ۔ کہتی ہیں کہ ہم تاجروں کے قافلے کے ساتھ نہیں جائیں گی ، کہیں ایسا نہ ہو کہ راستے میں ڈاکو ہمیں اُٹھا کر لے جائیں ۔ اِدھر جنگ بھی ہو رہی ہے ۔ ہر طرف عیسائیوں اور مسلمانوں کے سپاہی بھاگتے دوڑتے پھر رہے ہیں ۔ ہمیں سپاہیوں سے بہت ڈر آتا ہے ۔ ہمیں جب گھروںسے اُٹھایا گیا تھا تو ہم سب کنواری تھیں ۔ ان فوجیوں نے بحری جہاز میں ہمیں طوائفیں بنائے رکھا ہے ۔
          ایک لڑکی نے کچھ کہا تو اس کی زبان جاننے والے تاجر نے سلطان ایوبی سے کہا ........'' یہ کہتی ہے کہ ہمیں مسلمانوں کے بادشاہ تک پہنچا دو ۔ ہو سکتا ہے اس کے دل میں رحم آجائے''۔
          ایک اور لڑکی بول پڑی ۔ اس کی آواز رندھیائی ہوئی تھی۔ تاجر نے کہا.......'' یہ کہتی ہے کہ ہمیں عیسائی سپاہیوں کے حوالے نہ کیا جائے ۔ میں مسلمان ہو جائوں گی ، بشرطیکہ کوئی اچھی حیثیت والا مسلمان میرے ساتھ شادی کر لے '' ۔
           دو تین لڑکیاںپیچھے کھڑی منہ چھپانے کی کوشش کر رہی تھیں ۔ ان کے چہروں پر گھبراہٹ تھی ۔ بات کرتے شرماتی یا ڈرتی تھیں۔
          صلاح الدین ایوبی نے تاجر سے کہا ............'' انہیں کہو کہ یہ عیسائیوں کے پاس نہیں جانا چاہتیں ۔ ہم انہیں اسلام قبول کرنے پر مجبور نہیں کر سکتے ۔ یہ لڑکی جو کہہ رہی ہے کہ مسلمان ہو جائے گی ، بشرطیکہ کوئی مسلمان اس کے ساتھ شادی کر لے ، اسے کہو کہ میں اس کی پیشکش قبول نہیں کر سکتا ، یہ خوف اور مجبوری کے عالم میں اسلام قبول کرنا چاہتی ہے ۔ انہیں بتائو کہ انہیں مجھ پر اعتماد ہے تو میں انہیں اسلام کی بیٹیوں کی طرح پناہ میں لیتا ہوں ۔ اپنے دارالحکومت میں جا کر یہ انتظام کردوں گا کہ انہیں عیسائی راہبوں یا کسی پادری کے پاس بجھوادوں گا ۔ پادری یروشلم میں ہوں گے ۔ دوسری صورت یہ ہے کہ جب عیسائی قیدیوں کو آزادکیا جائے گا تو میں کوشش کروں گا کہ ان کی شادیاں قابلِ اعتماد اور اچھی حیثیت کے قیدیوں کے ساتھ کردوں۔ انہیں یہ بھی بتادو کہ کسی مسلمان کو ان سے ملنے کی اجازت نہیں ہوگی اور نہ انہیں اجازت ہوگی کہ کسی مسلمان سے ملیں ۔ ان کی ضروریات اور عزت کا خیال رکھا جائے گا''۔
          تاجرنے لڑکیوں کو ان کی زبان میں سلطان ایوبی کی ساری باتیں بتائیں تو ان کے چہروں پر رونق آگئی۔ وہ ان شرائط پر رضا مند ہوگئیں۔ تاجر شکریہ ادا کر کے چلے گئے ۔ صلاح الدین ایوبی نے لڑکیوں کے لیے الگ خیمہ لگانے اور خیمے کے باہر ہر وقت ایک سنتری موجود رہنے کا حکم دیا ۔ وہ خیمے کی جگہ بتانے ہی لگا تھا کہ چھ صلیبی سلطان ایوبی کے سامنے لائے گئے ۔ وہ بہت ہی بُر ی حالت میں تھے ۔ان کے کپڑے بھیگے ہوئے تھے ۔ کپڑوں پرخون بھی تھا ، ریت بھی۔ ان کے چہرے لاشوں کی مانند تھے ۔ ان کے متعلق بتایا گیا کہ ڈیڑھ دومیل دورساحل پر بے سُدھ پڑے تھے ۔ وہ ٹوٹی ہوئی کشتی پر تیر رہے تھے ۔ ایک دن کشتی پانی بھرجانے سے ڈوب گئی ۔ یہ سب تیر کر ساحل تک پہنچے ۔ کشتی میں بائیس آدمی سوار ہوئے تھے ۔ صرف یہ چھ زندہ بچے ۔ ان سے چلا نہیں جاتا تھا ۔ یہ صلیبی لشکرکے سپاہی تھے ۔ وہ سب ڈھڑام سے بیٹھ گئے۔ ان میں سے ایک چہرے مہرے سے لگتا تھا کہ معمولی سپاہی نہیں ہے ، وہ کراہ رہا تھا ۔ اس کے کپڑوں پر خون کا ایک دھبہ بھی نہ تھا، مگر زخمیوں سے زیادہ تکلیف میں معلوم ہوتا تھا۔ اس نے ساتوں لڑکیوں کو غور سے دیکھا اور پھر کراہنے لگا ۔
          یہ صلاح الدین ایوبی کا حکم تھا کہ ہر ایک قیدی اسے دکھایا جائے ، چونکہ قیدی ابھی تک سمندر سے بچ بچ کر نکل رہے تھے ، اس لیے ہر ایک قیدی سلطان ایوبی کے سامنے لایا جا تا تھا۔اس نے قیدیوں کو بھی دیکھا۔ کسی سے کوئی بات نہ کی البتہ اس قیدی کو جو سب سے زیادہ کراہ رہاتھا اور جس کے جسم پر کوئی زخم بھی نہ تھا ، سلطان نے غور سے دیکھا اور آہستہ سے اپنے سالاروں سے کہا ............ '' علی بن سفیان ابھی تک نہیں آیا ۔ ان تمام قیدیوں سے جو اب تک ہمارے پاس آچکے ہیں ، بہت کچھ پوچھنا ہے ۔ ان سے معلومات لینی ہیں ''۔اس نے اس قیدی کی طرف دیکھ کرکہا ........ '' یہ آدمی کماندار معلوم ہوتا ہے ۔ اسے نظر میں رکھنا اور جب بھی علی بن سفیان آئے تو اسے کہنا کہ اس سے تفصیلی پوچھ گچھ کرے۔ معلوم ہوتا ہے اسے اندر کی چوٹیں آئی ہیں ۔شاید پسلیاں ٹوٹی ہوئی ہیں ........... انہیں فوراً زخمی قیدیوں کے خیموں میں پہنچا دو ۔انہیں کھلائو اور ان کی مرہم پٹی کرو ''۔
          قیدیوں کو اس طرف لے جایا گیا جس طرف زخمی قیدیوں کے خیمے تھے ۔ لڑکیاں انہیں جاتا دیکھتی رہیں، پھر ان لڑکیوں کو بھی لے گئے ۔
                                                                      ٭          ٭          ٭
          فوج کے خیموں سے تھوڑی دور لڑکیوں کے لیے خیمہ نصب کیا جارہاتھا، وہاں سے کو ئی سو قدم دور زخمی قیدیوں کے خیمے تھے، وہاں بھی ایک خیمہ گاڑ ا جارہا تھا اور چھ نئے زخمی قیدی زمین پر لیٹے ہوئے تھے ۔ لڑکیاں ان کی طرف دیکھ رہی تھیں۔ دونوں خیمے کھڑے ہو گئے۔ لڑکیاں اپنے خیمے میں چلی گئیں اور زخمیوں کے اُن کے اپنے خیمے میں لے گئے ۔ ایک سنتری لڑکیوں کے خیمے کے باہر کھڑا ہو گیا ۔ لڑکیوں کے لیے کھانا آگیا جو انہوں نے کھا لیا ۔ پھر ایک لڑکی خیمے سے نکل کر اس خیمے کی طرف دیکھنے لگی جس میں نئے چھ زخمی قیدیوں کے لے گئے تھے ۔ اس کے چہرے پر اب گھبراہٹ اورخوف کا کوئی تاثر نہیں تھا ۔سنتری نے اسے دیکھا اور اسے نے سنتری کو دیکھا ۔ لڑکی نے مُسکرا کر اشارہ کیا کہ وہ زخمیوں کے خیمے کی طرف جانا چاہتی ہے ۔ سنتری نے سر ہلا کر اسے روک دیا ۔ لڑکیوں کو خیمے سے دُور جانے یا کسی سے ملنے کی اجازت نہیں تھی ۔لڑکیوں اور چھ زخمیوں کے خیموں کے درمیان بہت سے درخت تھے ۔ بائیں طرف مٹی کا ایک ٹیلا تھا جس پر جھاڑیا ں تھیں ۔
          سورج غروب ہوگیا ۔ پھر رات تاریک ہونے لگی ۔ کیمپ کے غل غپاڑے پر نیند غالب آنے لگی اور پھر زخمیوں کے کراہنے کی آوازیں رات کے سکوت میں کچھ زیادہ ہی صاف سنائی دینے لگیں۔ دور پرے بحیرئہ روم کا شور دبی دبی مسلسل گونج کی طرح سنائی دے رہا تھا ۔ صلاح الدین ایوبی کے اس جنگی کیمپ میں جاگنے والوں میں چند ایک سنتری تھے یا وہ زخمی قیدی جنہیں زخم سونے دیتے تھے یا صلاح الدین ایوبی کے خیمے کے اندر دِن کا سماں تھا ، وہاں کسی کو نیند نہیں آئی تھی ۔ سلطان ایوبی کے تین سالار اس کے پاس بیٹھے تھے اور باہر محافظ دستہ بیدار تھا۔
          سلطان ایوبی نے ایک بار پھر کہا ..........'' علی بن سفیان ابھی تک نہیں آیا '' ........... اس کے لہجے میں تشویش تھی ۔ اس نے کہا ..........'' اس کا قاصد بھی نہیں آیا''۔
          ''اگر کوئی گڑبڑ ہوتی تو اطلاع آچکی ہوتی '' .......... ایک سالار نے کہا ............. '' معلوم ہوتا ہے وہاں سب ٹھیک ہے ''۔
          ''اُمید تو یہی رکھنی چاہیے ''............. صلاح الدین ایوبی نے کہا ........ '' لیکن پچاس ہزار کے لشکر نے بغاوت کردی تو سنبھالنا مشکل ہو جائے گا ۔ وہاں نفری ڈیڑھ ہزار سوار اور دو ہزار سات سو پیادہ ہیں ۔ان کے مقابلے میں سوڈانی بہتر اور تجربہ کار عسکری ہیں اور تعداد میں بہت زیادہ ''۔
          '' ناجی اور اس کے سازشی ٹولے کے خاتمے کے بعد بغاوت ممکن نظر نہیں آتی ''۔ ایک اور سالار نے کہا ۔ '' قیادت کے بغیر سپاہی بغاوت نہیں کریں گے ''۔
          ''پیش بندی ضروری ہے '' ............ صلاح الدین ایوبی نے کہا ...... '' لیکن علی آجائے تو پتہ چلے گا کہ پیش بندی کس قسم کی کی جائے ''۔
          صلیبیوں کو روکنے کیلئے تو سلطان ایوبی خود آیا تھا لیکن دارالحکومت میں سوڈانی فوج کی بغاوت کا خطرہ تھا۔ علی بن سفیان کو سلطان ایوبی نے وہیں چھوڑ دیا تھا ، تا کہ وہ سوڈانی لشکر پر نظر رکھے اور بغاوت کو اپنے خصوصی فن سے دبانے کی کوشش کرے ۔اسے اب تک صلاح الدین ایوبی کے پاس آکر وہاں کے احوال و کوائف بتانے تھے  مگر وہ نہیں آیاتھا ۔ جس سے سلطان ایوبی بے چین ہوا جارہا تھا ۔
            وہ جب اپنے سالاروں کے ساتھ قاہرہ کی صورتِ حال کے متعلق باتیں کر رہا تھا ، اس کا تمام کیمپ گہری نیند سو چکا تھا مگر وہ ساتوں لڑکیاں جاگ رہی تھیں ، جنہیں سلطان ایوبی نے پناہ میں لے لیا تھا۔ ایک بار سنتری نے خیمے کا پردہ اُٹھاکر دیکھا ، اندر دیا جل رہا تھا ۔ پردہ ہٹتے ہی لڑکیاں خراٹے لینے لگیں ۔ سنتری نے دیکھا وہ پوری سات ہیں اور سو رہی ہیں تو اس نے پردہ گرایا اور خیمے کے ساتھ لگ کر بیٹھ گیا ۔ خیمے کے پردے کے ساتھ جو لڑکی تھی اس نے نیچے سے پردہ ذرا اوپر اُٹھایا ۔ پردہ آہستہ سے چھوڑکر اس نے ساتھ والی کے کان میں کہا  .......' 'بیٹھ گیا ہے ''............ ساتھ والی نے اگلی لڑکی کے کا ن میں کہا .......' 'بیٹھ گیا ہے ''............ اور اس طرح کانوں کانوں میں یہ اطلاع ساتوں لڑکیوں تک پہنچ گئی کہ سنتری بیٹھ گیا ہے۔ ایک لڑکی جو خیمے کے دوسرے دروازے کے ساتھ تھی آہستہ سے اُٹھ کر بیٹھی اور بستر سے نکل گئی ۔ بستر زمین پر بچھے تھے ۔ اس لیے اوپر لینے والے کمبل اس طرح بستر پر ڈال دئیے جیسے ان کے نیچے لڑکی لیٹی ہوئی ہے ۔
          وہ پائوں پر سرکتی خیمے کے دروازے تک گئی ۔ پردہ ہٹایا اور باہر نکل گئی ۔ باقی چھ لڑکیوں نے آہستہ آہستہ خرانے لینے شروع کر دئیے ۔ سنتری کو معلوم تھا کہ یہ سمندر سے بچ کر نکلی ہئی پناہ گزین لڑکیاں ہیں ، کوئی خطرناک قیدی تو نہیں ۔ وہ بیٹھ کر اونگھتا رہا ۔ لڑکی دبے پائوں ایسے رُخ پر ٹیلے کی طرف چلتی گئی جس رُخ سے اس کے اور سنتری کے درمیان خیمہ حائل رہا ۔ٹیلے کے پاس پہنچ کر اس نے اُس خیمیکا رُخ کر لیا جس میں چھ نئے قیدی رکھے گئے تھے ۔ رات تاریک تھی ، وہاں کچھ درخت تھے ۔ سنتری اب اُدھر دیکھتا بھی تو اسے لڑکی نظر نہ آتی ۔ لڑکی بیٹھ گئی اور پائوں سے سرک سرک کر آگے بڑھنے لگی ۔ آگے ریت کی ڈھیریاں سی تھیں ۔ وہ اُن کی اوٹ میں سرکتی ہوئی خیمے کے قریب پہنچ گئی ، مگر وہاں ایک سنتر ٹہل رہا تھا۔ لڑکی ایک ڈھیری کے پاس لیٹ گئی ۔ سنتری اسے سیاہ سائے کی طرح نظر آرہا تھا ۔ وہ اب دو سنتریوں کے درمیان تھی ۔ ایک اس کے اپنے خیمے کا اور دوسرا زخمیوں کے خیمے کا ۔ اسے ڈر یہ تھا کہ زخمیوں کا سنتری اس کی طرف آگیا تو وہ پکڑی جائے گی ۔
          بہت دیر انتظار کے بعد سنتری دوسرے زخمیوں کی طرف چلا گیا ۔ لڑکی ہاتھوں اور گھٹنوں کے بل چلتی خیمے تک پہنچ گئی اور پر دہ اُٹھا کر اندر چلی گئی ۔ اندر اندھیرا تھا ۔ دو تین زخمی آہستہ آہستہ کراہ رہے تھے ۔ شاید ان میں سے کسی نے خیمے کا پردہ اُٹھتا دیکھ لیا تھا ۔ اس نے نحیف آواز میں پوچھا.......... ''کون ہے ''...... لڑکی نے منہ سے ''شی '' کی لمبی آواز نکالی اورسرگوشی میں پوچھا .............. ''رابن کہاں ہے؟ ''........... اسے جواب ملا ........... ''اُدھر سے تیسرا''............... لڑکی نے تیسرے آدمی کے پائوں ہلائے تو آواز آئی ''کون ہے ''...... لڑکی نے جواب دیا ............ ''موبی '' ۔
          رابن اُٹھ بیٹھا ۔ ہاتھ لمبا کر کے لڑکی کو بازو سے پکڑا اور اسے اپنے بستر میں گھسیٹ لیا ۔ اسے اپنے پاس لٹا کر اوپر کمبل ڈال دیا ۔ بولا ..........'' سنتری نہ آجائے ، میرے ساتھ لگی رہو ''........... اس نے لڑکی کو اپنے ساتھ لگا لیا اور کہا ............ '' میں اس اتفاق پر حیران ہو رہا ہوں کہ ہماری ملاقات ہو گئی ہے ۔ یہ ایک معجزہ ہے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ خدائے یسوع مسیح کو ہماری کامیابی منظور ہے ۔ ہم نے بہت بُری شکست کھائی ہے ، لیکن یہ سب دھوکا تھا ''........... یہ وہی زخمی قیدی تھا جو دوسروں سے الگ تھلگ اور چہرے مہرے سے جسم جثّے سے معمولی سپاہی نہیں بلکہ اعلیٰ رتبے کا لگتا تھا ۔ صلاح الدین ایوبی نے بھی کہا تھا کہ یہ کوئی معمولی سپاہی نہیں ، اس پرنظر رکھنا ، علی بن سفیان اس سے تفتیش اور تحقیقات کرے گا۔
          '' کتنے زخمی ہو ؟'' لڑکی نے اس سے پوچھا ............ '' کوئی ہڈی تو نہیں ٹوٹی ؟''
          '' میں بالکل ٹھیک ہوں '' ............. رابن نے جواب دیا ........... '' خراش تک نہیں آئی ۔ انہیں بتایا ہے کہ اندر کی چوٹیں ہیں اور سینے کے اندر شدید درد ہے ، لیکن میں بالکل تندرست ہوں ''۔
          '' پھر یہاں کیوںآ گئے؟ '' ............. لڑکی نے پوچھا ۔
          '' میں نے بہت کوشش کی کہ مصر میں داخل ہوجائوں اورسوڈانی لشکر تک پہنچ سکوں لیکن ہر طرف اسلامی فوج پھیلی ہوئی ہے ۔ کوئی راستہ نہیں ملا ۔ ان پانچ زخمیوں کا اکٹھا کیا اور ان کے ساتھ زخمی بن کریہاں آگیا ۔ اب فرار کی کوشش کروں گا جو ابھی ممکن نظر نہیں آتی ''.............. اس نے ذرا غصے سے کہا ..........'' مجھے دو سوالوں کا جواب دو ۔ ایوبی کو میں نے زندہ دیکھا ہے ، کیوں ؟ کیا تیر ختم ہوگئے تھے یا وہ حرام خور بزدل ہو گئے ہیں ؟اور دوسرا سوال یہ ہے کہ تم سات کی سات لڑکیاں مسلمانوں کی قید میں کیوں آگئیں ؟ کیا وہ پانچوں مر گئے ہیں یا بھاگ گئے ہیں ؟''
          '' وہ زندہ ہیں رابن ! '' ........ موبی نے کہا .......'' تم کہتے ہو کہ خدائے یسوع مسیح کو ہماری کامیابی منظورہے لیکن میں کہتی ہوں کہ ہمارا خدا ہمیں کسی گناہ کی سزا دے رہا ہے ۔ صلاح الدین ایوبی اسے لیے زندہ ہے کہ تیر اس کے پائوں کے درمیان ریت میں لگا تھا '' ۔
          '' کیا تیر کسی لڑکی نے چلایا تھا ؟'' .......... رابن نے پوچھا ............ '' کرسٹوفر کہا ں تھا؟''
          '' اُسی نے تیر چلایا تھا مگر .........''
          '' کرسٹوفر کا تیر خطا گیا ؟'' ............. رابن نے حیرت سے تڑپ کر پوچھا ........... '' وہ کرسٹوفر جس کی تیر اندازی نے شاہ آگسٹسن کو حیران کر دیا اور اس کی ذاتی تلوار انعام میں لی تھی ، یہاں آکر اس کا نشانہ اتنا چونک گیا کہ چھ فٹ لمبا اور تین فٹ چوڑا صلاح الدین ایوبی اس کے تیر سے بچ گیا؟ بد بخت کے ہاتھ ڈر سے کانپ گئے ہوںگے ''۔
          '' فاصلہ زیادہ تھا '' ............ موبی نے کہا .......... '' اور کرسٹوفر کہتا تھا کہ تیر کمان سے نکلنے ہی لگا تھا کہ کھلی ہوئی آنکھ میں مچھر پڑ گیا۔ اسی حالت میں تیر نکل گیا ''۔
          ''پھر کیا ہوا ؟''
          '' جو ہونا چاہیے تھا ''....... مو بی نے کہا ..........'' صلاح الدین ایوبی ساحل پر گیا تھا تو اس کے تین کمانڈر تھے اور چار محافظوںکا دستہ تھا۔ وہ ہر طرف پھیل گئے ۔ یہ تو ہماری خوش قسمتی تھی کہ علاقہ چٹانی تھا ، کرسٹوفر بچ کے نکل آیا اور پھر ہمیں اتنا وقت مل گیا کہ ترکش اور کمان ریت میں دبا کر اوپر اونٹ بٹھا دیا ۔ سپاہی آگئے تو کرسٹو فر نے انہیں بتایا کہ وہ پانچوں مراکش کے تاجر ہیں اور یہ لڑکیاں سمندر سے نکل کر ہماری پناہ میں آئی ہیں ۔ مسلمان سپاہیوں نے ہمارے سامان کی تلاشی لی ۔ انہیں تجارتی سامان کے سوا کچھ بھی نہ ملا ۔ وہ ہم سب کو سلطان ایوبی کے سامنے لے گئے ۔ ہم نے یہ ظاہر کیا کہ ہم سسلی زبان کے سوا اور کوئی زبان نہیں جانتیں ۔ کرسٹوفر نے ایوبی سے کہا کہ وہ ہماری زبان جانتا ہے ۔ ہم ساتوں لڑکیوں نے چہروں پر گھبراہٹ اور خوف پیدا کر لیا ''۔
          موبی نے رابن کو وہ ساری باتیں سنائیں جو سلطان ایوبی کے ساتھ ہوئی تھیں ۔ یہ سات لڑکیاں اور پانچ آدمی جو مراکشی تاجروں کے بھیس میں تھے، حملے سے دو روز پہلے ساحل پر اُتر گئے تھے۔ پانچوں آدمی صلیبیوں کے تجربہ کار جاسوس اور کمانڈو تھے اور لڑکیاں بھی جاسوس تھیں۔ جاسوسی کے علاوہ ان کے ذمے یہ کام بھی تھا کہ مسلمان سالاروں کو اپنے جال میں پھانسیں ۔ وہ خوبصورت تو تھیں ہی ، انہیں جاسیسی اور ذہنوں کی تخریب کاری کی خاص ٹریننگ دی گئی تھی۔ اس ٹریننگ میں اداکاری خاص طور پر شامل تھی ۔ پانچ مردوں کا یہ مشن تھا کہ صلاح الدین ایوبی کو ختم کرنا اور ناجی کے ساتھ رابطہ رکھنا ۔ یہ لڑکیا ں مصر کی زبان روانی سے بول سکتی تھیں ، لیکن انہوں نے ظاہر نہیں ہونے دیا ۔ رابن اس شعبے کا سربراہ تھا ۔ اسے ناجی تک پہنچنا تھا ، مگر صلاح الدین ایوبی اور علی بن سفیان کی چال نے یہاں کے حالات کا رُخ ہی اُلٹا کر دیا ۔
          ''کیا تم صلاح الدین ایوبی کو جال میں نہیں پھانس سکتیں ؟''.........رابن نے پوچھا ۔
          '' ابھی تو یہاں پہلی رات ہے '' ........... موبی نے کہا .............. '' اس نے ہمارے متعلق جو فیصلہ دیا ہے ، اگر وہ سچے دِل سے دیا ہے تو اس کامطلب یہ ہے کہ وہ مرد نہیں پتھر ہے ، اگر اُسے ہمارے ساتھ کوئی دلچسپی ہوتی تو کسی ایک لڑکی کو اپنے خیمے میں بلا لیتا .........اسے قتل کرنا بھی آسان نہیں ۔ وہ ایک ہی بار ساحل پر آیاتھا ، مگر تیر خطا گیا ۔ وہ سالاروں اور محافظوں کے نرغے میں رہتا ہے ۔ اِدھر ایک سنتری ہمارے سر پر کھڑا ہے اور محافظوں کے پور ے دستے نے صلاح الدین ایوبی کے خیمے کو گھیر رکھا ہے ''۔
          ''وہ پانچوں کہاں ہیں ؟'' ................ رابن نے پوچھا ۔
          '' تھوڑی دور ہیں ؟''............. موبی نے جواب دیا ..............'' وہ ابھی یہیں رہیں گے ''۔
          ''سنو موبی !''.......... رابن نے کہا ............ '' اس شکست نے مجھے پاگل کر دیا ہے ۔ میرے ضمیر پر اتنا بوجھ آپڑا ہے ، جیسے اس شکست کی ذمہ داری مجھ پر عائد ہوتی ہے ۔ صلیب پر ہاتھ رکھ کر حلف تو سب سے لیا گیا ہے، لیکن ایک سپاہی کے حلف میں اور میرے حلف میں زمین اور آسمان کا فرق ہے۔ میرے رتبے کو سامنے رکھو۔ میرے فرائض کو دیکھو ۔ آدھی جنگ مجھے زمین کے نیچے اور پیٹھ کے پیچھے سے وار کر کے جیتنی تھی، مگر میں اور تم سا ت اور وہ پانچ اپنا فرض ادا نہیں کر سکے ۔ مجھ سے یہ صلیب جواب مانگ رہی ہے ''  ........... اس نے گلے میں ڈالی ہوئی صلیب ہاتھ میں لے کہا ۔ ...... '' میں اسے اپنے سینے سے جدا نہیں کر سکتا '' ............ اس نے موبی کے سینے پر ہاتھ پھیر کر اس کی صلیب ہاتھ میں لے لی اور کہا ........... '' تم اپنے ماں باپ کو دھوکہ دے سکتی ہو ، اس صلیب سے آنکھیں نہیں چُرا سکتیں۔ اس نے جو فرض تمہیں سونپا ہے ، وہ پورا کرو۔ خدا نے تمہیں جو حُسن دیا ہے ، وہ چٹانوں کو پھاڑ کر تمہیں راستہ دے دے گا ۔ میں تمہیں پھر کہتا ہوں کہ ہماری اچانک اور غیر متوقع ملاقات اس بات کا ثبوت ہے کہ ہم کامیاب ہوں گے۔ ہمارے لشکر بحیرئہ روم کے اُس پار اکٹھے ہو رہے ہیں ۔ جو مرگئے ، سو مر گئے ، جو زندہ ہیں وہ جانتے ہیں کہ یہ شکست نہیں دھوکا تھا۔ تم اپنے خیمے میں واپس جائو اور ان لڑکیوں سے کہو کہ خیمے میں نہ پڑی رہیں ۔ با ر بار صلاح الدین ایوبی سے ملیں ۔ اس کے سالاروں سے ملیں ۔ بے تکلفی پیدا کریں۔ مسلمان ہونے کاجھانسہ دیں ۔ آگے وہ جانتی ہیں کہ انہیں کیا کرنا ہے ''۔
          '' سب سے پہلے تو یہ معلوم کرنا ہے یہ ہوا کیا ہے ؟'' ............. موبی نے کہا .......... '' کیا سوڈانیوں نے ہمیں دھوکہ دیا ہے ؟'' ۔
          '' میں یقین کے ساتھ کچھ نہیں کہہ سکتا ''........... رابن نے کہا ....... '' میں نے حملے سے بہت پہلے مصر میں پھیلائے ہوئے اپنے جاسوسوں سے جو معلومات حاصل کیں تھیں ، وہ یہ ہیں کہ صلاح الدین ایوبی کو سوڈانیوں کے پچاس ہزار محافظ لشکر پر بھروسہ نہیں ، حالانکہ یہ مسلمانوں کے وائسرائے مصر کی اپنی فوج ہے۔ ایوبی نے آکر مصر ی فوج تیار کر لی ہے ۔ سوڈانی اس میں شامل نہیں ہونا چاہتے ۔ ان کے کمانڈر ناجی نے ہم سے مدد طلب کی تھی ۔ میں نے اس کا خط دیکھا تھا اور میں نے تصدیق کی تھی کہ یہ خط ناجی کا ہی ہے اور میں کوئی دھوکہ نہیں مگر ہمارے ساتھ تاریخ کا سب سے بڑا دھوکہ ہوا ہے ۔ مجھے یہ معلوم کرنا ہے کہ یہ کیسے ہوا ؟ کس نے کیا ؟ میں یہ چھان بین کیے بغیر واپس نہیں جا سکتا ۔ شاہ آگسٹسن نے بڑے فخر سے کہا تھا کہ میں مسلمانوں کے گھروں کے اند ر کے بھید معلوم کر کے ان کی بنیادیں ہلا دوں گا ۔ اب تصور کرو موبی ! شہنشاہ کے دِل پر کیا گزر ہی ہوگی ۔ وہ مجھے سزائے موت سے کم کیا سزا دے گا ! صلیب کا قہر مجھ پر الگ نازل ہوگا ''۔
          '' میں سب جانتی ہوں '' .......... موبی نے کہا ......... '' جذباتی باتیں نہ کرو ، عمل کی بات کرو ، مجھے بتائو میں کیا کروں ''۔
          رابن کے اعصاب پر اپنا فرض اور شکست کا احساس اس حد تک غالب تھاکہ اسے یہ بھی احساس نہیں تھا کہ موبی جیسی دِل کش لڑکی جس کے ایک ایک نقش اور جسم کے انگ انگ میں شراب کا طلسم بھرا ہوا تھا ، اس کے سینے سے لگی ہوئی ہے اور اس کے ریشم جیسے ملائم اور لمبے بال اس کے آدھے چہرے کو ڈھانپے ہوئے ہیں ۔ رابن نے ان بالوں کے لمس کو ذرا سا محسوس کیا اور کہا ..........'' موبی ! تمہارے یہ بال ایسی مظبوط زنجیریں ہیں جو صلاح الدین ایوبی کے گرد لپٹ گئیں تو وہ تمہارا غلام ہو جائے گا ، لیکن تمہیں سب سے پہلا جو کام کرنا ہے وہ یہ ہے کہ کرسٹوفر اور اس کے ساتھیوں سے کہو کہ وہ تاجروں کے بھیس میںناجی کے پاس پہنچیں اور معلوم کریں کہ اس کے لشکر نے بغاوت کیوں نہیں کی اور یہ راز فاش کس طرح ہوا کہ اس سے فائدہ اُٹھا کر صلاح الدین ایوبی نے گنتی کے چند ایک دستے گھات میں بٹھا کر ہماری تین افواج کا بیڑہ غرق کر دیا اور انہیں یہ بھی کہو کہ معلوم کریں کہ ناجی صلاح الدین ایوبی سے ہی تو نہیں مل گیا ؟ اور ان نے ہمارا یہی حشر کرانے کیلئے ہی تو خط نہیں لکھا ؟ اگر ایسا ہی ہوا ہے تو ہمیں اپنے جنگی منصوبوں میں ردو بدل کرنا ہوگا ۔ مجھے یہ یقین ہو گیا ہے کہ اسلامیوں کی تعداد کتنی ہی تھوڑی کیوں نہ ہو ، انہیں ہم آسانی سے شکست نہیں دے سکتے ۔ ضروری ہو گیا ہے کہ ان کے حکمرانوں کااور عسکری قیادت کا جذبہ ختم کیا جائے ۔ ہم نے تم جیسی لڑکیاں عربوں کے حرموں میں داخل کر دی ہیں '' ۔
          '' تم نے بات پھر لمبی کر دی ہے '' ............ موبی نے اسے ٹوکتے ہوئے کہا ............. '' ہم اپنے گھر میں ایک بستر پر نہیں لیٹے ہوئے کہ بڑے مزے سے ایک دوسرے کو کہانیاں سناتے رہیں ۔ ہم دشمن کے کیمپ میں قید اور پابند ہیں ۔ باہر سنتری پھر رہے ہیں ، رات گزر تی جا رہی ہے ۔ ہمارے پاس لمبی باتوں کا وقت نہیں ۔ ہمارا مشن تباہ ہو چکا ہے ۔ اب بتائو کہ ان حالات میں ہمارا مشن کیا ہونا چاہیے۔ ہم سات لڑکیاں اور چھ مرد ہیں ۔ ہم کیا کریں ۔ ایک یہ کہ ناجی کے پاس جائیں اور اس کے دھوکے کی چھان بین کریں ، پھر کسے اطلاع دیں ؟ تم کہاں ملو گے ؟'' ۔
          '' میں یہاں سے فرار ہوجائوں گا '' ............ رابن نے کہا ............. '' لیکن فرار سے پہلے اس کیمپ ، اس کی نفری اور ایوبی کے آئندہ عزائم کے متعلق تفصیل معلوم کروں گا ۔ اس شخص کے متعلق ہمیں بہت چوکنا رہنا ہوگا ۔ اس وقت اسلامی قوم میں یہ واحد شخض ہے جو صلیب کیلئے خطرہ ہے ، ورنہ اسلامی خلافت ہمارے جال میں آتی چلی جا رہی ہے ۔ شاہ ایملرک کہتا تھا کہ مسلمان اتنے کمزور ہو گئے ہیں کہ اب ان کو ہمیشہ کیلئے اپنے پائوں میں بٹھانے کیلئے صرف ایک ہلے کی ضرورت ہے ، مگر اس کا یہ عزم محض خوش فہمی ثابت ہوا ۔ مجھے یہاں رہ کر ایوبی کی کمزور رگیں دیکھنی ہیں اور تمہیں پانچ آدمیوں کے ساتھ مل کر سوڈانی لشکر کو بھڑکانا اور بغاوت کرانی ہے ۔ نہایت ضروری یہ ہے کہ ایوبی زندہ نہ رہے ، اگر وہ زندہ  رہے تو ہمارے اس قیدخانے میں زندہ رہے ، جہا ں وہ عمر کے آخری گھڑی تک سورج نہ دیکھ سکے اور رات کو آسمان کا اسے ایک بھی تارہ نظر نہ آئے .......... تم پہلے اپنے خیمے میں جائو اور اپنی چھ لڑکیوں کو ان کا کام سمجھا دو۔ انہیں خاص طور پر ذہن نشین کرادو کہ اُس آدمی کا نام علی بن سفیان ہے جسے اِن ریشمی بالوں، شربتی آنکھوں اور اتنے دلکش جسموں سے ایسے بیکار کرنا ہے کہ صلاح الدین ایوبی کے کام کا نہ رہے اور اگر ہو سکے تو اس کے اور صلاح الدین ایوبی کے درمیان ایسی غلط فہمی پیدا کرنی ہے کہ وہ ایک دوسرے کے دشمن ہو جائیں ۔ تم سب اچھی طرح جانتی ہو کہ دو مردوں میں غلط فہمی اور دشمنی کس طرح پیدا کی جاتی ہے .............. جائو اور لڑکیوں کو مکمل ہدایت دے کر کرسٹوفر کے پاس پہنچو ۔ اسے میرا سلام کہنا اور یہ بھی کہنا کہ تیرے تیر کو ایوبی پر آکر ہی خطا ہونا تھا ؟ اب اس گناہ کاکفارہ ادا کرو اور جو کام تمہیں سونپا گیا ہے ، وہ سو فیصد پور ا کرو '' ۔
          رابن نے موبی کے بالوں کوچوم کر کہا ..........''تمہیں صلیب پر اپنی عزت بھی قربان کرنا پڑے گی ، لیکن خدائے یسوع مسیح کی نظروں میں تم مریم کی طرح کنواری رہو گی ۔ اسلام کو جڑ سے اُکھاڑنا ہے ۔ ہم نے یروشلم لے لیا ہے ۔ مصر بھی ہمارا ہوگا ''۔
                                                                      ٭          ٭          ٭
          موبی رابن کے بستر سے نکلی اور خیمے کے پردے کے پاس جا کر پردہ اُٹھایا ، باہر جھانکا ، اندھیرے میں اسے کچھ بھی نظر نہ آیا ۔ وہ باہر نکل گئی اور خیمے کی اوٹ سے دیکھا کہ سنتری کہاں ہے۔ اسے دور کسی کے گنگنانے کی آواز سنائی دی ۔ یہ سنتری ہی ہو سکتا تھا۔ موبی چل پڑی ۔ درختوں سے گزرتی قدم قدم پر پیچھے دیکھتی وہ ٹیلے تک پہنچ گئی اور اپنے خیمے کا رُخ کر لیا ۔ نصف راستہ طے کیاہوگا کہ اسے دو آدمیوں کی دبی دبی باتوں کی آوازیں سنائی دینے لگیں ۔یہ آوازیں اس کے خیمے کے قریب معلوم ہوتی تھیں ۔ اسے یہ خطرہ نظر آنے لگا کہ سنتری کے نے معلوم کر لیا ہے کہ ایک لڑکی غائب ہے اور وہ کسی دوسرے سنتری یا اپنے کمانڈر کو بلا لایاہے۔ اس نے سوچا کہ خیمے میں جانے کی بجائے ان پانچ ساتھیوں کے پاس چلی جائے جو مراکشی تاجر وں کے بھیس میں کوئی ڈیڑھ ایک میل دور خیمہ زن تھے مگر اسے یہ خیال بھی آگیاکہ اس کی کی گمشدگی سے باقی لڑکیوں پر مصیبت آجائے گی ۔ وہ تھیں تو پوری چالاک ، پھر بھی ان پر پابندیاں سخت ہونے کاخطرہ تھا اور کوئی چارہ کار بھی نہ تھا ۔ موبی ذرا اور آگے چلی گئی تا کہ ان دو آدمیوں کی باتیں سن سکے۔ ان کی زبان وہ سمجھتی تھی ۔ یہ تو اس نے دھوکو دیا تھا کہ وہ سسلی کی زبان کے سوااورکوئی زبان نہیں سمجھتی ۔
          وہ آدمی خاموش ہوگئے ۔ موبی دبے پائوں آگے بڑھی۔ اسے بائیں طرف قدموں کی آہٹ سنائی دی۔ اس نے چونک کر دیکھا ۔ درختوں کے درمیان اسے ایک سیاہ سایہ جو کسی انسان کاتھا ، جاتا نظر آیا ۔ اس نے رخ بدل لیا اورٹیلے کی طرف آنے لگا ۔ موبی کوئی خطرہ مول نہیں لینا چاہتی تھی ۔ وہ ٹیلے پر چڑھنے لگی۔ ٹیلا اونچا نہیں تھا ۔ فورا ہی اوپرچلی گئی ۔ وہ تھی تو بہت ہوشیار ، لیکن ہر انسان، ہر قدم پر پوری احتیاط نہیں کر سکتا ۔ وہ ٹیلے کی چوٹی پر کھڑی ہوگئی۔ اس کے پس منظر میں ستاروں سے بھرا ہوا آسمان تھا ۔ سمندر اور صحرا کی فضا رات کو آئینے کی طرح شفاف ہوتی ہے ۔ درختوں میںجاتے ہوئے آدمی نے ٹیلے کی چوٹی پر ٹنڈ منڈ درخت کے تنے کی طرح کا ایک سایہ دیکھا ۔ موبی نے پہلو اس آدمی کی طرف کردیا ۔ اس کے بل کھلے ہوئے تھے ، جنہیں اس نے ہاتھ سے پیچھے کیا۔ اس کی ناک ، سینے کا ابھار اور لمبا لبادہ تاریکی میں بھی راز کو فاش کرنے لگا ۔ یہ آدمی سنتریوں کا کماندار تھا ۔ وہ آدھی رات کے وقت کیمپ کے گشت پر نکلا اور سنتریوں کو دیکھتا پھر رہا تھا ۔ یہ سنتریوں کی تبدیلی کا وقت تھا ۔ کماندار اس لیے زیادہ چوکس تھا کہ سلطان ایوبی تین سالاروں کے ساتھ کیمپ میں موجود تھا ۔ سلطان ڈسپلن کا بڑا ہی سخت تھا ۔ ہر کسی کو ہر لمحہ خطرہ لگا رہتا تھا کہ سلطان رات کو اٹھ کر گشت پر آجائے گا ۔
          کماندار سمجھ گیا کہ ٹیلے پر کوئی لڑکی کھڑی ہے ۔ اسی شام کمان داروں کو خبردار کیا گیا تھا کہ صلیبیوں نے جاسوسی اور تخریب کاری کیلئے لڑکیوں کو استعمال کرنا شروع کر دیا ہے ۔ یہ لڑکیا ں صحرائی خانہ بدوشوں کے بہروپ میں بھی ہو سکتی ہیں اور ایسی غریب لڑکیوں کے بھیس میں بھی جو فوجی کیمپوں میں کھانے کی بھیگ مانگنے آتی ہیں اور یہ لڑکیاں اپنے آپ کو مغویہ اور مظلوم ظاہر کر کے پناہ مانگ سکتی ہیں ۔ کمانداروں کو بتایا گیا تھا کہ آج رات سات لڑکیاں سلطان کی پناہ میں آئی ہیں، جنہیں بظاہر رحم کرکے مگر انہیں مشتبہ سمجھ کر پناہ میں لے لیا گیا ہے ۔ اس کے کماندار نے یہ احکام سن کر اپنے ایک ساتھی سے کہا تھا ........ '' اللہ کرے ایسی کوئی لڑکی مجھ سے پناہ مانگے '' ........ اور وہ دونوں ہنس پڑھے تھے ۔
          اب آدھی رات کے وقت جب ساراکیمپ سو رہاتھا ، اسے ٹیلے پر ایک لڑکی کا ہیولا نظر آرہا تھا۔ پہلے تو وہ ڈرا کہ یہ چڑیل یا جن ہو سکتا ہے ۔ اس نے نئے سنتری کو لڑکیوں کے خیمے پر کھڑا کرکے اسے بتایا تھا کہ اندر سات لڑکیاں ہیں ۔ اس نے پردہ اُٹھا کر دیکھا تو دئیے کی روشنی میں اسے سات بستر نظر آئے تھے۔ ہر لڑکی نے منہ بھی کمبلوں میں ڈھانپ رکھا تھا ۔ سردی زیادہ تھی ۔ اس نے اندر جا کر یہ نہیں دیکھا کہ ساتواں بستر خالی ہے اور اس پر کمبل اس طرح رکھے گئے ہیں جیسے ان کے نیچے لڑکی سو ئی ہوئی ہو۔ اسے معلوم نہیں تھا کہ ساتویں لڑکی ٹیلے پر اس کے سامنے کھڑی ہے ۔ وہ کچھ دیر سوچتارہا کہ اسے آواز دے یا اس تک خود جائے یا اگر و ہ جن یاچڑیل ہے تو اس کے غائب ہونے کا انتظار کرے ۔
          تھوڑی سی دیر کے انتظار کے بعدبھی لڑکی غائب نہ ہوئی ،بلکہ وہ تین قدم آگے چلی اور پھر پیچھے کو چل پڑی اور پھر رُک گئی۔ کماندار جس کا نام فخر المصری تھا ، آہستہ آہستہ ٹیلے تک گیا اور کہا ...... '' کون ہو تم ؟ نیچے آئو ''۔
          لڑکی نے ہرن کی طرح چوکڑی بھری اور ٹیلے کی دوسری طرف اُتر گئی۔ فخر کو یقین آگیاکہ کوئی انسان ہے ، جن چڑیل نہیں ۔ وہ تنومند مرد تھا ۔ ٹیلا اونچا نہیں تھا ۔ وہ لمبے لمبے ڈگ بھرتا ٹیلے پر چڑھ گیا ۔ اُدھر بھی اندھیرا تھا ۔ رات کی خاموشی میں اسے لڑکی کے قدموں کی آہٹ سنائی دی ۔ وہ ٹیلے سے دوڑتا اُترا اور لڑکی کے پیچھے گیا ۔ لڑکی اور تیز دوڑ پڑی ۔ فاصلہ بہت کم تھا لیکن فخر مرد تھا ، فوجی تھا ، چیتے کی رفتا ر سے دوڑرہا تھا ۔ ٹیلے کے پیچھے اُونچی نیچی زمین خشک جھاڑیاں اور کہیں کہیں کو ئی درخت تھا ۔ بہت سا دوڑ کر فخر المصری نے محسوس کیا کہ اس کے آگے تو کوئی بھی نہیں ۔ اِس نے رُک کر اِدھر اُدھر دیکھا ۔ اسے پنے پیچھے اور بہت سا بائیں کو لڑکی کے قدموں کی آہٹ سنائی دی ۔ وہ تربیت یافتہ لڑکی تھی ، جہاں اسے حُسن اور شباب کے استعمال کی تربیت دی گئی تھی ، وہا ں اسے فوجی ٹریننگ بھی دی گئی تھی اور خنجر زنی کے دائو پیچ بھی سکھائے گئے تھے۔ وہ ایک درخت کی اوٹ میں چھپ گئی تھی ۔ فخر آگے گیا تو وہ دوسری طرف دوڑ پڑی ۔
          یہ تعاقب آنکھ مچولی کی مانند تھا۔ فخر کو اندھیراپریشان کر رہا تھا۔ موبی کے قدم خاموش ہوجاتے تو وہ رُک جاتا ۔ قدموں کی آواز سنائی دیتی تو وہ دوڑ پڑتا ۔ غصے سے وہ بائولا ہوا جارہاتھا ۔ اس نے یہ جان لیا تھا کہ یہ کوئی جوان لڑکی ہے ، اگر بڑی عمر کی ہوتی تو اتنی تیز اور اتنا زیادہ نہ بھاگ سکتی ۔ تعاقب میں فخر دو میل فاصلہ طے کر گیا ۔ موبی نے جھاڑیوں اور اونچی نیچی زمین سے بہت فائدہ اُٹھایا ۔ اس کے مرد ساتھیوں کا ڈیرہ قریب آگیاتھا۔ وہ دوڑتی ہوئی وہاں تک جا پہنچی ۔ اس نے اپنے آدمیوں کو آوازیں دیں ۔ و ہ گھبرا کر جاگے اور خیمے سے باہر آئے ۔ ایک نے مشعل جلالی ۔ یہ ڈنڈے کے سرے پر لپٹے ہوئے کپڑے تھے۔ ان کی آگ کی روشنی بہت زیادہ تھی ۔ فخر نے تلوار سونت لی اور ہانپتا کانپتا ان کے سامنے جا کھڑا ہوا۔ اس نے دیکھا کہ یہ پانچ آدمی لباس سے سفری تاجر نظر آتے ہیں اور مسلمان لگتے ہیں۔ لڑکی ان میں سے ایک کی ٹانگوں کو دونوں بازوئوں میں مضبوطی سے پکڑے بیٹھی ہوئی تھی ۔ مشعل کے ناچتے شعلے میں اس کے چہرے پر گھبراہٹ اور خوف نظر آ رہا تھا ۔ اس کا سینہ اُبھراور بیٹھ رہا تھا ۔ اس کی سانسیں بُری طرح اُکھڑ ی ہوئی تھیں ۔
          '' یہ لڑکی میرے حوالے کر دو '' .............فخر المصری نے حکم کے لہجے میں کہا ۔
          '' یہ ایک نہیں '' ............. ایک آدمی نے التجا کے لہجے میں جواب دیا ............. '' ہم نے تو سات لڑکیاں آپ کے سلطان کے حوالے کی ہیں ۔ آپ اسے لے جا سکتے ہیں '' ۔
          ''نہیں ''................. موبی نے اس کی ٹانگوں کو اور مضبوطی سے پکڑتے ہوئے ، روتے ہوئے اور خوف زدہ لہجے میںکہا ........... '' میں اس کے ساتھ نہیں جائوں گی ۔ یہ لوگ عیسائیوں سے زیادہ وحشی ہیں ۔ ان کا سلطان انسان نہیں سانڈ ہے ، درندہ ہے ۔ اس نے میری ہڈیاں بھی توڑ دی ہیں ۔ میں اس سے بھاگ کر آئی ہوں ''۔
          ''کون سلطان؟''............. فخر نے حیران سا ہو کر پوچھا ۔
          ''وہی جسے تم صلاح الدین ایوبی کہتے ہو''..............موبی نے جواب دیا ۔ وہ اب مصر کی زبان بول رہی تھی ۔
          ''یہ لڑکی جھوٹ بول رہی ہے ''.......... فخر نے کہا اور پوچھا ........... '' یہ ہے کو ن ؟ تمہاری کیا لگتی ہے ؟''۔
          '' اندر آجائو دوست ! باہر سردی ہے '' .......... ایک آدمی نے فخر سے کہا ...........'' تلوار نیام میں ڈال لو ۔ ہم تاجر ہیں ۔ ہم سے آپ کو کیاخطرہ ۔ آئو۔ اس لڑکی کی بپتا سن لو '' ....... اس نے آہ بھر کر کہا ..........'' میں آ پ کے سلطان کو مردِ مومن سمجھتا تھا مگر ایک خوبصورت لڑکی دیکھ کر وہ ایمان سے ہاتھ دھو بیٹھا ۔ وہ باقی چھ لڑکیوں کا بھی یہی حشر کر رہا ہوگا '' ۔
          '' ان کا یہ حشر دوسرے سالاروں نے کیا ہے ''............... موبی نے کہا ........'' شام کو ان بے چاریوں کو اپنے خیمے میں لے گئے تھے اور انہیں بے سُدھ کر کے خیمے میں ڈال دیا ۔ وہ خیمے میں بے ہوش پڑی ہیں ''۔
          فخرالمصری تلوار نیام میں ڈال کر ان کے ساتھ خیمے میں چلا گیا ۔ اندر جا کر بیٹھے تو آدمی نے آگ جلا کر قہوے کے لیے پانی رکھا اور مس میں جانے کیا کچھ ڈالتا رہا ۔ دسرے آدمی نے فخر سے پوچھا کہ اس کا رُتبہ کیا ہے ۔ اس نے بتایا کہ وہ کمان دار اور عہدے دارہے ۔انہوں نے اس کے ساتھ بہت سی باتیں کیں جن سے انہوں نے اندازہ کر لیا کہ یہ شخص عام قسم کا سپاہی نہیں اور ذمہ دار فرد ہے ۔ ذہین اور دلیر بھی ہے ۔ ان لوگوں میں سے ایک نے (کرسٹوفر تھا) فخر کو سات لڑکیوں کی بالکل وہی کہانی سنائی جو انہوں نے صلاح الدین ایوبی کو سنائی تھی ۔ انہوں نے فخر کو یہ بھی بتایا کہ سلطان ایوبی نے من کے متعلق کیا کہا تھا ۔ ان لڑکیوں نے سلطان کو پیشکش بھی کی تھی کہ وہ اپنے گھروں کو تو واپس نہیں جا سکتیں اور عیسائیوں کے پاس بھی نہیں جانا چاہتیں ، اس لیے وہ مسلمان ہونے کو تیار ہیں ، بشرطیکہ کوئی اچھے رتبوں والے عسکری اُن کے ساتھ شادی کر لیں ۔ ہم نے سنا تھا کہ سلطان صلاح الدین ایوبی کردار کے لحاظ سے پتھر ہے ۔ ہم ہر روز سفر پر رہنے والے تاجر ہیں ، انہیں کہاں ساتھ لیے لیے پھرتے ۔ اُنہیں سلطان کے حوالے کر دیا گیا ، مگر سلطان نے اس لڑکی کے ساتھ جو سلوک کیا ، وہ اس کی زبانی سن لو ۔
          فخر المصری نے لڑکی کی طرف دیکھا تو لڑکی نے کہا …… '' ہم بہت خوش تھیں کہ خدا نے ہمیں ایک فرشتے کی پناہ دی ہے ۔ سورج غروب ہونے کے بعد سلطان کا ایک محافظ آیا اور مجھے کہا کہ سلطان بلارہا ہے ۔ میں باقی چھ لڑکیوں کی نسبت ذرا زیادہ خوبصورت ہوں ۔ مجھے توقع نہیں تھی کہ تمہارا ایوبی بُری نیت سے بلا رہا ہے ، میں چلی گئی ۔ سلطان ایوبی نے شراب کی صراحی کھولی ۔ ایک پیالہ اپنے آگے رکھا اور ایک مجھے دیا ۔ میں عیسائی ہوں ، شراب سو بار پی ہے ۔ بحری جہاز میں عیسائی کمان داروں نے میرے جسم کو کھلونہ بنائے رکھا ہے ۔ صلاح الدین ایوبی بھی میرے جسم کے ساتھ کھیلنا چاہتا تھا۔ اب اور مرد میرے لیے کوئی نئی چیزیں نہیں تھیں، لیکن ایوبی کو میں فرشتہ سمجھتی تھی ۔ میں اس کے جسم کو اپنے ناپاک جسم سے دور رکھنا چاہتی تھی ، مگر وہ ان عیسائیوں سے بدتر نکلا، جو مجھے بحری جہاز میں لائے تھے اور جب اُن کا جہاز ڈوبنے لگا تو انہوں نے ہمیں ایک کشتی میں ڈال کر سمندر میں اُتار دیا ۔ ان میں سے کسی نے ہمارا ساتھ نہ دیا۔ ہمارے جسم چچوڑے ہوئے اور ہڈیاں چٹخی ہوئی تھیں ……
          فخر المصری نے لڑکی کی طرف دیکھا تو لڑکی نے کہا …… '' ہم بہت خوش تھیں کہ خدا نے ہمیں ایک فرشتے کی پناہ دی ہے ۔ سورج غروب ہونے کے بعد سلطان کا ایک محافظ آیا اور مجھے کہا کہ سلطان بلارہا ہے ۔ میں باقی چھ لڑکیوں کی نسبت ذرا زیادہ خوبصورت ہوں ۔ مجھے توقع نہیں تھی کہ تمہارا ایوبی بُری نیت سے بلا رہا ہے ، میں چلی گئی ۔ سلطان ایوبی نے شراب کی صراحی کھولی ۔ ایک پیالہ اپنے آگے رکھا اور ایک مجھے دیا ۔ میں عیسائی ہوں ، شراب سو بار پی ہے ۔ بحری جہاز میں عیسائی کمان داروں نے میرے جسم کو کھلونہ بنائے رکھا ہے ۔ صلاح الدین ایوبی بھی میرے جسم کے ساتھ کھیلنا چاہتا تھا۔ اب اور مرد میرے لیے کوئی نئی چیزیں نہیں تھیں، لیکن ایوبی کو میں فرشتہ سمجھتی تھی ۔ میں اس کے جسم کو اپنے ناپاک جسم سے دور رکھنا چاہتی تھی ، مگر وہ ان عیسائیوں سے بدتر نکلا، جو مجھے بحری جہاز میں لائے تھے اور جب اُن کا جہاز ڈوبنے لگا تو انہوں نے ہمیں ایک کشتی میں ڈال کر سمندر میں اُتار دیا ۔ ان میں سے کسی نے ہمارا ساتھ نہ دیا۔ ہمارے جسم چچوڑے ہوئے اور ہڈیاں چٹخی ہوئی تھیں ……
          ''خدانے ہمیں بچالیا اور اس آدمی کی پناہ میں پھینک دیا جو فرشتے کے روپ میں درندہ ہے ۔ مجھے سلطان نے ہی بتایاتھا کہ میرے ساتھ کی باقی چھ لڑکیاں اس کے سالاروں کے خیموں میں ہیں ۔ میں نیت سلطان کے پائوں پکڑ کر کہا کہ میرے ساتھ شادی کرلو۔ اس نے کہا اگر تم مجھے پسند کرتی ہوتو شادی کے بغیر تمہیں اپنے حرم میں رکھ لوں گا…اس نے میرے ساتھ وحشیوں کا برتائو کیا ۔ شراب میں بد مست تھا۔ اس نے مجھے اپنے ساتھ لٹالیا، جوں ہی اس کی آنکھ لگی ۔ میں وہاں سے بھاگ آئی ۔ اگر میری بات کا اعتبار نہ آئے تو زس کے محافظوں سے پوچھ لو''۔
          اس دوران ایک آدمی نے فخر کو قہوہ پلایا۔ ذراسی دیر بعد فخر کا مزاج بدلنے لگا۔ اس نے نفرت سے قہقہہ لگایا اور کہا…''ہمیں حکم دیتے ہیں کہ عورت اور شراب سے دور رہو اور خود شراب پی کر راتیں عورتوں کے ساتھ گزارتے ہیں ''۔ فخر محسوس ہی نہ کر سکا کہ لڑکی کی کہانی محض بے بنیاد ہے اور نہ ہی وہ محسوس کر سکا کہ اس کا مزائج کیوں بدل گیاہے۔اُسے حشیش پلادی گئی تھی ۔ اس پر ایسا نشہ طاری ہوچکاتھا جسے وہ نشہ نہیں سمجھتا تھا۔ وہ اب اپنے تصوروں میں بادشاہ بن چکاتھا۔ لڑکی کے چہرے پر مشعل کے شعلے کی روشنی ناچ رہی تھی ۔ اس کے بکھرے ہوئے سیاہی مائہل بھورے بال چمک رہے تھے ۔وہ فخر کو پہلے سے زیادہ حسین نظر آنے لگی ۔ اس نے بے تاب ہوکر کہا……''تم اگر چاہوتو میں تمہیں 'پناہ میں لیتاہوں ''۔
          ''نہیں ''…لڑکی ڈر کر پیچھے ہٹ گئی اور بولی …''تم بھی میرے ساتھ اپنے سلطان جیسا سلوک کرو گے۔ تم مجھے اپنے خیمے میں لے جائوگے اور میں ایک بار پھر تمہارے سلطان کے قبضے میں آجائوں گی''۔
          ''ہم تو اب دوسری چھ لڑکیوں کو بھی بچانے کی سوچ رہے ہیں''……ایک تاجر نے کہا……''ہم ان کی عزت بچانا چاہتے تھے مگر ہم سے بھول ہوئی ''۔
         فخر المصری کی نگاہیں لڑکی پر جمی ہوئی تھیں۔ اس نے اتنی خوب صورت لڑکی کبھی نہیں دیکھی تھی ۔خیمے میں خاموشی طاری ہوگئی ، جسے کرسٹو فرنے توڑا ۔ اس نے کہا۔''تم عرب سے آئے ہویا مصری ہو؟''
         ''مصری''……فخرنے کہا……''میں دو جنگیں لڑچکاہوں۔اسی لیے مجھے یہ عہدہ دیاگیاہے ۔''
         ''سوڈانی فوج کہاں ہے ، جس کا سالارناجی ہے؟''……کرسٹوفر نے پوچھا۔
         ''اُس فوج کا ایک سپاہی بھی ہمارے ساتھ نہیں آیا''……فخر نے جواب دیا۔
         ''جانتے ہو ایسا کیوں ہواہے ؟……کرسٹو فرنے کہا ……''سوڈانیوں نے صلاح الدین ایوبی کی امارات اور کمان کو تسلیم نہیں کیا۔ وہ فوج اپنے آپ کو آزاد سمجھتی ہے ۔ناجی نے سلطان ایوبی کو بتادیاتھا کہ وہ مصر سے چلے جائیں ، کیونکہ وہ غیر ملکی ہیں ۔اسی لیے ایوبی نے مصریوں کی فوج بنائی اور لڑانے کے لیے یہاں لے آیا۔ اس نے تم لوگوں کو شرافت اور نیکی کا جھانسہ دیا اور خود عیش کررہاہے ۔ کیا تمہیں مالِ غنیمت ملاہے ؟……اگر تمہیں ملا بھی تو سونے چاندی کے دو دو ٹکڑے مل جائیں گے ۔ صلیبیوں کے جہازوں سے بے بہا خزانہ سلطان ایوبی کے ہاتھ آیاہے ۔ وہ سب رات کے اندھیرے میں سینکڑوں اونٹوں پر لاد کر قاہراہ روانہ کردیاگیاہے ، جہاں سے دمشق اور بغداد چلاجائے لگا۔سوڈانی لشکر کو سلطان نہتہ کر کے غلاموں میں بدل دینا چاہتا ہے ،پھر عرب سے فوج آجائے گی اور تم مصری بھی غلام ہوجائوگے''۔
         اس عیسائی کی ہر ایک بات فخر المصری کے دل میں اُتر تی جارہی تھی ۔ اثر باتو ں کا نہیں ، بلکہ موبی کے حسن اور حشیش کا تھا۔ عیسائیوں نے یہ حربہ حسنِ بن صباح کے حشیشین سے سیکھا تھا۔موبی کو بالکل توقع نہیں تھی کہ یہ صورتِ حال پیدا ہوجائے گی کہ ایک مصری اس کے تعاقب میں ا س کے دام میں آجائے گا۔انہیں معلوم ہوگیا کہ فخر مصڑ کی زبان کے سوا اور کوئی زبان نہیں جانتا ۔موبی نے اپنے پانچوں ساتھیوں کو سنانا شروع کردیا کہ رابن زخمی ہونے کا بہانہ کرکے زخمیوں کے خیمے میں پڑا ہے اور اس نے کہا ہے کہ ناجی سے مل کر معلوم کروکہ اس نے بغاوت کیوں نہیں کی یا اس نے عقب سے صلاح الدین ایوبی پر حملہ کیوں نہیں کیا اور یہ بھی معلوم کرو کہ اس نے ہمیں دھوکہ تو نہیں دیا؟
         وہ باتیں کررہی تھی تو فخر نے پوچھا ……''یہ کیا کہہ رہی ہے ؟''
         ''یہ کہہ رہی ہے ''……ایک نے جواب دیا……''اگر یہ شخص یعنی تم صلاح الدین کی فوج میں نہ ہوتے تو یہ تمہارے ساتھ شادی کرلیتی ۔یہ مسلمان ہونے کو بھی تیار ہے ،لیکن کہتی ہے کہ اسے اب مسلمانوں پر بھروسہ نہیں رہا''۔
         فخر نے بے تابی سے لپک لڑکی کو بازو سے پکڑا اور اپنی طرف گھسیٹ کر کہا ''اگر میں بادشاہ ہوتا تو خدا کی قسم تمہاری خاطر تخت اور تاج قربان کردیا ۔اگر شرط یہی ہے کہ میں صلاح الدین ایوبی کی دی ہوئی تلوار پھینک دوں تو یہ لو'' ……اس نے کمر بند سے تلوار کھولی اور نیام سمیت لڑکی کے قدموں میں رکھ دی ۔ کہا  ……''میں اب سے ایوبی کا سپاہی اور کمان دار نہیں ہوں ''۔
         ''مگر ایک شرط اور بھی ہے ''……لڑکی نے کہا ……''میں اپنا مذہب تمہاری خاطر ترک کردیتی ہوں ، لیکن صلاح الدین ایوبی سے انتقام ضرور لوں گی ''۔
         ''کیا اسے میرے ہاتھ سے قتل کرانا چاہتی ہو؟''فخر نے پوچھا ۔
         لڑکی نے اپنے آدمیوں کی طرف دیکھا ۔ سب نے ایک دوسرے کی طرف دیکھا۔ آخر کرسٹوفر نے کہا……''ایک صلاح الدین ایوبی نہ رہا تو کیا فرق پڑے گا؟ایک اور سلطان آجائے گا۔ وہ بھی ایساہی ہوگا ۔ مصریوں کو آخر غلام ہی ہونا پڑے گا۔ تم ایک کام کرو۔ سوڈانیوں کے سالارناجی کے پاس پہنچو اور یہ لڑکی اس کے سامنے کر کے اسے بتائو کہ سلطان صلاح الدین ایوبی اصل میں کیا ہے اور اس کے ارادے کیا ہیں ؟''
         ان لوگوں کویہ تو علم تھا کہ ناجی کا صلیبیوں کے ساتھ رابطہ ہے اور موبی اس کے ساتھ بات کرے گی ، لیکین انہیں یہ علم نہیں تھا کہ ناجی اور اس کے معتمد سالار خفیہ طریقے سے مروائے جاچکے ہیں ۔ اس تک لڑکی کوہی جانا تھا۔ اس کا اکیلے جانا ممکن نہیں تھا۔ اتفاق سے انہیں فخر المصری مل گیا۔ لہٰذا اسی کو استعمال کرنے کا فیصلہ ہوگیا۔ یہ آدمی چونکہ سلطان ایوبی کی نظر میں آگئے تھے ، اس لیے بھی اس کی نظر میں رہنا چاہتے تھے ۔ اس کے علاوہ انہوں نے موبی سے سن لیاتھا کہ ان کے شعہ جاسوسی اور تخریب کاری کا سربراہ رابن اسی کیمپ میں ہے اور فرار ہوگا، اس لیے وہ اسے مدد دینے کے لیے بھی وہاں موجود رہنا چاہتے تھے ۔ان کے ارادے معلوم نہیں کیا تھے ۔ صلاح الدین ایوبی پر چلایا ہوا اِن کاتیر خطا گیا تو انہیں سلطان ایوبی کے سامنے لے جایا گیا تھا۔ ان کا بہروپ اور ڈرامہ کا میاب رہا، لیکن ان کا مشن تباہ ہوگیا تھا۔ لہٰذا اب وہ بدلی ہوئی صورتِ حال اور اتفاقات سے فائدہ اُٹھانے کی کوشش کررہے تھے ۔ فخر المصری حسن اور حشیش کے جال میں آگیا تھا۔اس نے واپس کیمپ میں نہ جانے کا فیصلہ کرلیا تھا۔
         اس یہ مشورہ دیاگیا کہ وہ لڑکی کولے کر روانہ ہوجائے ، اُن لوگوں نے اسے اپنا ایک اونٹ دے دیا۔ پانی کا ایک مشکیزہ دیا اور تھیلے میں کھاتے کا بہت ساراسامان ڈال دیا۔ ان اشیاء میں کچھ ایسی تھیں جن میں حشیش ملی ہوئی تھی ۔ موبی کو ان کا لم تھا۔ فخر کو ایک لمبا چغہ اور تاجرروں والی دستار پہنادی گئی ۔ لڑکی اونٹ پر سوار ہوئی ۔ اس کے پیچھے فخر سوار ہوگیا اور اونٹ چل پڑا ۔ فخر گرد و پیش سے بے خبر تھا اور وہ اپنے ماضی سے بھی بے خبر ہوگیاتھا۔صرف یہ احساس اس پر غالب تھا کہ روئے زمین کی حسین ترین لڑکی اس کے قبضے میں ہے ، جس نے سلطان کو ٹھکرا اسے پسند کیا ہے ۔ فخر نے موبی کو دونوں بازوئوں میں لے کر اس کی پیٹھ اپنے سینے سے لگالی ۔
         موبی نے کہا……''تم عیسائی کمان داروں اور اپنے سلطان کی طرح وحشی تو نہیں بنوگے ؟میں تمہاری ملکیت ہوں ۔ جو چاہو کرو، مگر میں پھر تم سے نفرت کروں گی ''۔
         ''کہو تو میں اونٹ سے اُتر جاتاہوں ''۔ فخر نے اسے اپنے بازوئوں سے نکال کر کہا……''مجھے صرف یہ بتادو کہ تم مجھے دل سے چاہتی ہو یا محض مجبوری کے عالم میں میری پناہ لی ہے ؟''
         ''پناہ تو میں ان تاجروں کی بھی لے سکتی تھی ''۔موبی نے جوابگ دیا……''لیکن تم مجھے اتنے اچھے لگے کہ تمہاری خاطر مذہب تک چھوڑنے کا فیصلہ کرلیا''……اس نے جذباتی باتیں کرکے فخر کے اعصاب پر قبضہ کر لیا اور رات گزرتی چلی گئی ۔


         سفر کم و بیش پانچ دنیوں کا تھا، لیکن فخر المصری عام راستوں سے ہٹ کر جارہاتھا، کیونکہ وہ بھگوڑا فوجی تھا۔ موبی کو نیند آنے لیگ ۔ اس نے سر پیچھے فخر کے سینے پر رکھ دیا اور گہری نیند سوگئی ۔اونٹ چلتارہا، فخر جاگتارہا۔

No comments:

Post a Comment